سعودی حکام لاشوں اور زخمیوں کی منتقلی میں ضروری تعاون کریں۔ نائب وزیر خارجہ ایران
Sep ۲۷, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۹ Asia/Tehran
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے کہا ہے سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے ایرانی زائرین کی لاشیں جلد ایران منتقل کردی جائیں گے۔
اسنا نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے ایک سو پینتس حجاج کرام کی میتیں توقع ہے کہ منگل شام تک ایران منتقل کردی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ایران کی وزارت صحت کا ایک وفد جلد ہی جدہ کے لئے روانہ ہوگا جبکہ وزیر ثقافت کے دورہ سعودی عرب کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے سعودی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ افراد کی تلاش اور جاں بحق ہونے والوں کی میتیں نیز زخمیوں کی ایران منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ضروری تعاون کریں۔ دوسری جانب ایران کے حج مشن کے سربراہ سعید اوحدی نے سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے ایرانی حاجیوں کی تعداد میں اضافے کی خبر دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک سو انسٹھ ایرانی حاجیوں کی لاشوں کی شناخت کی جاچکی ہے جبکہ تین سو سات کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایران کے حج مشن کے سربراہ نے بتایا کہ اسپتالوں میں زیرعلاج ایرانی حاجیوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، البتہ ہمارا عملہ طائف، مکہ اور جدہ کے اسپتالوں اور سردخانوں میں شناخت کے عمل میں مصروف ہے اور آئندہ چند روز کے اندر صورتحال پوری طرح سے واضح ہوجائے گی۔