ایرانی لاپتہ حجاج کی صورت حال واضح کروانے کے لئے ایران کی بھرپورکوششیں جاری رہیں گی۔ ایران کی وزارت خارجہ کا اعلان
Sep ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ منی کے المیے میں لاپتہ ہونے والے ایرانی حجاج کی صورت حال واضح کروانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیرکے روز تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ سعودی حج انتظامیہ کوچاہئے کہ ایرانی لاپتہ حجاج کی صورت حال واضح کرنے کے لئے بھرپورتعاون کرے۔ انھوں نے ایک بار پھرمنی سانحے کے شکار حجاج کرام کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ایرانیوں خاص طورسے منی کے سوگواروں کو اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ جب تک تمام لاپتہ ایرانی حجاج کی صورت حال واضح نہیں ہوجاتی ایران کی وزارت خارجہ اپنی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ مجموعی طور پرچونسٹھ ہزارایرانی حجاج میں سے منی کے واقعے میں ایک سو انہتّر حجاج جاں بحق اور چھیالیس دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو سو اٹھانوے ایرانی حجاج ابھی لا پتہ ہیں۔
منی کا سانحہ گذشتہ جمعرات کوعید الضحی کے موقع پرسعودی حکام کی بدانتظامی کے نتیجے میں اس وقت پیش آیا تھا جب حجاج کرام، رمی جمرات کے لئے جا رہے تھے۔
منی کے دلخراش سانحے میں مجموعی طور پردو ہزار سے زائد حجاج کرام جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ پریس ذرائع کی مصدقہ رپورٹوں کے مطابق اس تعداد سے کہیں زیادہ بڑی تعداد میں، دیگر حجاج کرام زخمی ہوئے ہیں۔