Sep ۲۹, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم
    ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم

ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے یمن پر جاری سعودی حملوں کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے جنوب مغربی یمن میں واقع علاقے المخا تعز پر سعودی اتحاد کی جانب سے پیر کی رات کئے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

سعودی اتحاد کے ان حملوں میں کئی یمنی شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے یمن پر سعودی اتحاد کے جاری ان حملوں کے نتیجے میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی جانب سے یمنی عوام کی المناک صورت حال پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
انھوں نے المخا تعز میں سعودی اتحاد کے حملوں میں شہید ہونے والے یمنی شہریوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے جاری حملے، بین الاقوامی قوانین و اصول اور انسانی حقوق کے منافی شمار ہوتے ہیں۔
 مرضیہ افخم نے اقوام متحدہ اور دنیا کے بااثر ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ، یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت بند کرانے کے لئے اپنے اثرورسوخ کا استعمال کریں اور اس سلسلے میں موثر اقدامات عمل میں لائیں۔
 واضح رہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے پیر کی رات المخا تعز میں رہائشی علاقوں خاص طور سے شادی کی ایک تقریب پر بمباری کردی جس میں ایک سو اکتّیس افراد شہید ہوئے کہ جن میں بیشتر عورتیں اور بچے شامل ہیں اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس