صدر مملکت نیویارک سے تہران کے لئے روانہ ہو گئے
Sep ۲۹, ۲۰۱۵ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر تھے، واپس تہران کے لئے روانہ ہوگئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، منی میں رونما ہونے والے المیے کے بعد نیویارک کا اپنا دورہ مختصر کرکے تہران کے لئے روانہ ہوئے ہیں تاکہ منی میں جاں بحق ہونے والے ایرانی حجاج کرام کی تدفین میں شرکت کر سکیں۔ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے دورہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے علاوہ، اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پائیدار ترقی کے سربراہی اجلاس سے بھی خطاب کیا اور اہم علاقائی و عالمی مسائل کے بارے میں تہران کے مواقف پر روشنی ڈالی۔
صدر مملکت نے اسی طرح نیویارک میں مختلف ملکوں منجملہ روس، فرانس، برطانیہ، سویڈن، اٹلی، برازیل، بولیویا، جاپان، اکواڈور، افغانستان اور سنیگال کے سربراہوں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نیز یورپی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات کی۔
اس کے علاوہ ایران کے صدر نے نیویارک میں امریکہ کی صنعتی، اقتصادی اور تجارتی کمپنیوں کے مالکوں، اعلی عہدیداروں، بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ڈائریکٹروں اور امریکہ میں مقیم ایرانیوں سے ملاقات کے ساتھ ساتھ امریکہ کے قومی ریڈیو اور سی این این ٹی وی چینل سے بھی گفتگو کی۔