Sep ۳۰, ۲۰۱۵ ۱۳:۲۴ Asia/Tehran
  • سانحہ منی: شہید ہونے والے ایرانی حاجیوں کو دفن نہ کیا جائے، ایران کا مطالبہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے تہران میں سعودی سفارت کو ایک خط کے ذریعے اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ سانحہ منی میں شہید ہونے والے ایرانی حاجیوں کو سعودی عرب میں دفن نہ کیا جائے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سعودی سفارت خانے کے نام ارسال کئے جانے والے خط میں واضح کردیا ہے کہ ایرانی حجاج کے لواحقین منی میں شہید ہونے والے اپنے پیاروں کی میتیں ایران لائے جانے کے خواہاں ہیں۔

حسین امیر عبداللھیان نے کہا سانحہ منی کے دوران لاپتہ ہونے والے ایرانی حجاج کی تلاش اور ان کی صورتحال واضح ہونے تک کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا تاحال لبنان میں ایران کے سفیر کا بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے جو سانحہ منی کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ سانحہ منی کے دوران جاں بحق ہونے والے ایرانی زائرین کی تعداد دوسو انتالیس ہوگئی ہے جبکہ دوسو اکتالیس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے- سعودی حکام لاشوں کی منتقلی اور لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش میں بھی ایران سمیت کسی بھی ملک کے حج مشن کے ساتھ ضروری تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

ٹیگس