منی سانحے کے بارے میں وزارت خارجہ کا بیان
Oct ۰۴, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
ایران کی وزارت خارجہ نے رہبر انقلاب اسلامی ، مسلم امۃ اور ایرانی قوم کو منی کے دلخراش سانحے پر تعزیت پیش کی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نےایک بیان میں منی میں شہید ہونے والے ایرانی حاجیوں کے سوگوارخاندان سے ہمدردی کا اظہارکیا اور زخمیوں کے جلد سے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی-وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ خود کو ان عزیزوں اور ان کے الواحقین کے حقوق کے حصول کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کا پابند سمجھتی ہے-
ایران کی وزارت خارجہ نے حجاج کرام کی حفاظت کے لئے سعودی حکومت سے تمام ضروری تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے اس انسانی المیے کا ذمہ دار سعودی عرب کو قرار دیا اورسعودی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام ایرانی شہداء کی شناخت اور ان کے جنازے واپس کرنے کے لئے ضروری تدابیر اختیار کریں اور اس سلسلے میں تمام مسائل کے حل کے لئے حج کے امور سے متعلق ایرانی حکام کے ساتھ بھرپور اور ذمہ دارانہ تعاون کریں-
واضح رہے کہ چوبیس ستمبر دو ہزار پندرہ کو عید الضحی کے موقع پر جس وقت حجاج کرام رمی جمرات کے لئے جا رہے تھے ، سعودی حکام کی بد انتظامی اور نااہلی کے باعث ہزاروں افراد جاں بحق ہو گئے- ایران کے ادارہ حج و زیارات نے اپنے بیان میں منی سانحے میں شہید ہونے والے ایرانی حاجیوں کی تعداد چار سو پینسٹھ اعلان کی ہے-