صیہونی حکومت کے غیر انسانی اقدامات پر ایران کا سخت ردعمل
Oct ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے غیر انسانی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے بیت المقدس اور مسجدالاقصی کی بے حرمتی کرنے پر صیہونی حکومت کو ایک بار پھر اس کے سنگین نتائج پر سخت خبردار کیا۔انھوں نے فلسطین اور خاص طور سے مغربی کنارے کے نہتے عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے غیر انسانی اقدامات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ گذشتہ کئی ہفتوں سے مظلوم فلسطینیوں پر غاصب صیہونی فوجیوں اور صیہونی آباد کاروں کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک کئی فلسطینی جوان و نوجوان شہید اور سیکڑوں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں اور صیہونی آبادکاروں کے حملے اور فلسطینی نمازیوں کے مسجد میں داخلے کی روک تھام کرنے سے پورے علاقے کی صورت حال سخت کشیدہ ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی فوجی اور صیہونی آبادکار، مسجد الاقصی پر حملہ کرکے زمان و مکان کی حیثیت سے اس مسجد کو تقسیم کرنے کی سازش پر عمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔