Oct ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • رہبرانقلاب اسلامی، آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای
    رہبرانقلاب اسلامی، آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے بے شمار نقصانات ہیں اس لئے امریکا سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں بدھ کو سپاہ پاسداران کی بحریہ کے کمانڈروں اورجوانوں سے خطاب کے دوران ایران کی سیکورٹی کو یقینی بنانے میں سپاہ کی بحریہ کے کردارکی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا کہ دشمن ہمارے ملک کے حکام کے اندازوں اور ہمارے عوام خاص طورپر نوجوانوں کے افکار کو تبدیل کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اس لئے ہم سب کوہوشیاراوربیداررہنا چاہئے- رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکا ایران میں اپنا اثرو رسوخ پیدا کرنے اورایرانی عوام پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے


آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے امریکا سے مذاکرات کےتعلق سے ایرانی عوام کی مخالفت کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے بے شمارنقصانات ہیں اس لئے امریکا سے مذاکرات منع ہیں کیونکہ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے- آپ نے فرمایاکہ امریکی حکام مذاکرات کےذریعے ایران میں اپنا اثرو رسوخ پیداکرنے کاراستہ تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایران اس سلسلے میں پوری طرح ہوشیار ہے - ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف جنگ میں پہل نہیں کرےگا لیکن چونکہ جارحیت اور دوسرے ملکوں میں دخل اندازی دشمن کی سرشت میں شامل ہے اس لئے ہمیں اپنی توانائیوں کو جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے قالب میں روز بروز بڑھانے کی ضرورت ہے-


رہبرانقلاب اسلامی نے علاقےکے لئے سامراجی طاقتوں کے خطرناک منصوبوں کاحوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ طاقتیں بے گناہ انسانوں کا قتل عام کرنے کے لئے انتہائی خطرناک ہتھیاروں کے استعمال اورغیرانسانی روش سے استفادہ کرنے میں ذرہ برابر نہیں ہچکچاتیں اور انسانی حقوق اور شہری حقوق کے بارے میں ان کے دعوےپوری طرح کھوکھلے اوربیہودہ ہیں-


رہبرانقلاب اسلامی نے افغانستان میں اسپتال پر حملے اورشام، عراق، یمن، فلسطین اور بحرین میں عام شہریوں کے قتل عام کوعالمی طاقتوں کےجرائم کی مثال قراردیا اور فرمایا کہ آج دنیا کے لئے سب سے بڑا خطرہ انسانی حقوق کے دعویداروں کا نفاق مکاری اور جھوٹ و فریب ہے - آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے دشمنوں کے منصوبوں کو عملی جامہ نہ پہننے دینے میں ایران کے کردار کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کے اندر اورعلاقائی سطح پر دشمن کو اسلامی جمہوریہ ایران کی ہوشیاری آمادگی اور اس کے اقتدارو قوت کی بناپرناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے- اسی لئے آج سامراج سب سے زیادہ ایران کا دشمن ہے اورمذاکرات کا موضوع اٹھانا بھی ایران میں اثر و رسوخ پیدا کرنےکی دشمن کی پالیسیوں کا ہی ایک حصہ ہے -


رہبرانقلاب اسلامی نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ ایران یورپی اورغیریورپی کسی بھی ملک سے مذاکرات کا مخالف نہیں ہے فرمایا امریکیوں کے سلسلے میں یہ معاملہ مختلف ہے کیونکہ امریکیوں کے نقطہ نگاہ سے ایران کے ساتھ مذاکرات کا مطلب ایران کے اقتصادی، سیاسی، سیکورٹی اور ثقافتی میدانوں میں اثرو رسوخ پیدا کرنے کی غرض سے راستہ ہموار کرنا ہے - آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ آج بھی ایرانی عوام اپنے معنوی اقتدارو طاقت کے ذریعے دشمن کو شکست دیں گے اور اسلامی نظام کے دشمن اپنی فوجی اقتصادی سیکورٹی اور ثقافتی سازشوں میں ناکام ہوں گے-

ٹیگس