شام میں ایران کے فوجی مشیروں کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران، شام میں دہشتگردی سے مقابلے کے تحت اپنے مشاورتی کردار میں اضافہ کرے گا۔
نائـب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے حنرل شہید حسین ہمدانی کی مجلس ترحیم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ عراق اور شام میں ایرانی فوجی مشیروں کی موجودگی ان ملکوں کی درخواست پر عمل میں آئی ہے اور آئندہ دنوں میں ان فوجی مشیروں کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ جنرل شہید ہمدانی دہشتگردی کے مقابلے میں مہارت رکھتے تھے اور انہوں نے مشرق وسطی کے علاقے میں جسے طرح طرح کی مشکلات درپیش ہیں امن قائم رکھنے کے لئے اہم کارنامے انجام دیے ہیں۔
قابل ذکرہے جنرل حسین ہمدانی گذشتہ ہفتے شام میں دہشتگردی کے خلاف اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ وہ شام میں ایران کے فوجی مشیر کی خدمات انجام دے رہے تھے۔
نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سانحہ منی میں جاں بحق ہونے والے بعض ایرانی حجاج کی مکے میں ہی تدفین کے بارے میں کہا کہ جاں بحق ہونے والے ایرانی حجاج کی لاشوں کی ایران منتقلی کے بعد سعودی عرب میں دفن کئےجانے والے حجاج کے مسئلے کا بھرپور طرح سے جائزہ لیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ منی کےبارے میں قانونی اقدامات بھی پوری تندہی کے ساتھ انجام پائیں گے۔