ایٹمی معاملے میں رہبر انقلاب اسلامی کا کردار انتہائی موثر ہے: لاریجانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایٹمی معاملے میں رہبر انقلاب اسلامی کے کردار کو انتہائی موثر اور فیصلہ کن قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پیر کے روز پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں ایٹمی معاملے سے متعلق رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاملے کے بارے میں صدر مملکت کے نام رہبر انقلاب اسلامی کا خط برمحل، جامع اور دقیق تھا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر دو عشروں سے زیادہ عرصے سے کام جاری ہے اور اس سے ایرانی قوم کے اس علمی جذبے کی عکاسی ہوتی ہے جو اسلامی انقلاب کے بعد تکامل کے راستے پر گامزن ہوا۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے مزید کہا کہ گزشتہ بارہ برسوں کے دوران مغرب نے اپنی مہم جوئیوں کے ذریعے ایران کی ایٹمی ترقی و پیشرفت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں لیکن رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی حمایت سے مغرب کے اس ظلم و ستم کے مقابل ملت کو استقامت و پائیداری سے ہمکنار کردیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اس وقت بھی مذاکرات میں اپنے رہنما اور بروقت کردار سے ایک واضح دائرہ کار بیان فرمایا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اکیس اکتوبر کو صدر مملکت کے نام ایک خط میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں نو نکات پر مشتمل رہنما اصول بیان کرتے ہوئے اس سلسلے میں اعلی قومی سلامتی کونسل کے فیصلے کی توثیق کی تھی۔