دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران، عراق، شام اور روس کا تعاون
Nov ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے کہا ہے کہ ایران، عراق، شام اور روس کے تعاون کے نتیجے میں علاقے میں دہشت گرد گروہوں کو شکست ہو گی۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے لبنان کی العہد ویب سائٹ سے بات چیت میں یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ مغرب والوں کو شام اور عراق میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے، کہا کہ ایران، عراق، شام اور روس کا تعاون دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے سنجیدہ اور پختہ عزم و ارادے کا حامل ہے اور یہ محض دکھاوا نہیں ہے۔علی شمخانی نے کہا کہ داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد میں شامل ملکوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ان کا سنجیدہ نہ ہونا ہے۔
انھوں نے دوسرے ملکوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے چار ملکی اتحاد سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے اتحادی علاقائی ممالک اگر سنجیدگی کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو پہلے انھیں صحیح منصوبہ بندی کر کے تکفیریوں کی مالی اور فوجی مدد روکنا ہو گی۔