Nov ۱۸, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو
    اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نے پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں ایران کے اصولی موقف کی وضاحت کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق غلام علی خوشرو نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی سالانہ رپورٹ کے بارے میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا میں قوموں کی بجلی اور توانائی کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آب و ہوا پر غلط اثرات مرتب کیے بغیر پاک توانائی کے ذخائر سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایٹمی توانائی ترقی پذیر ممالک کی ترقی و پیشرفت میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گی۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کا اپنے منشور کے مطابق یہ فریضہ ہے کہ وہ تحقیق، ترقی اور پرامن مقاصد کے لیے ایٹمی توانائی کے استعمال کے بارے میں رکن ممالک کی مدد کرے۔

انھوں نے کہا کہ معاہدوں پر عمل درآمد اور انھیں فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ این پی ٹی کے رکن ملکوں کے حقوق کا کسی بھی محدودیت کے بغیر احترام کیا جائے۔ غلام علی خوشرو نے مزید کہا کہ یورینیم کی افزودگی سمیت ایٹمی توانائی کی تیاری اور استعمال کے سلسلے میں این پی ٹی کے رکن ملکوں کے حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے بہانے، پرامن مقاصد کے لیے ایٹمی توانائی کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کی گئی ہیں۔ ایران نے دینی، اسٹریٹیجک اور بین الاقوامی اصول کی بنیاد پر ہمیشہ مہلک ہتھیاروں خاص طور پر ایٹمی ہتھیاروں کو مسترد کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے ماضی اور حال سے متعلق باقی ماندہ تمام مسائل کے حل کے لیے ایران اور عالمی ایجنسی کے درمیان تعاون کے بارے میں کہا کہ ایران نے روڈ میپ کے مطابق طے شدہ تمام رضاکارانہ اقدامات انجام دیے ہیں اور اسے توقع ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد ماضی اور حال سے متعلق تمام موضوعات کی فائل دسمبر دو ہزار پندرہ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گی۔

ٹیگس