دہشت گردی کے خلاف بننے والے نام نہاد عالمی اتحاد پر کسی بھی صورت میں بھروسہ نہیں کیا جاسکتا، رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بننے والے نام نہاد عالمی اتحاد پر کسی بھی صورت میں بھروسہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کی حمایت یہی تخریبی عناصر خاص طور پر امریکا کر رہا ہے۔
گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے فورم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پر آئے نائیجیریا کے صدر نے پیر کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فرمایا کہ اسلام اور مسلمانوں کے تشخّص اور شناخت کی حفاظت اور دفاع کے لئے اسلامی ملکوں کے درمیان تعاون ایک بنیادی ضرورت ہے۔ آپ نے اسلام کے واضح دشمنوں اور ان دشمنوں کو، جو اسلام کے نام پر اسلام سے دشمنی کر رہے ہیں، ایک ہی تلوار کی دو دھار قرار دیا اور فرمایا کہ اسلامی ملکوں کو ان خطرناک دشمنوں کے مقابلے میں اپنا تعاون مستحکم بنانا چاہئے تاکہ اسلامی ممالک، اپنی شناخت اور مفادات کا تحفظ کر سکیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ داعش اور بوکوحرام جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں امریکا اور مغرب سے مدد اور تعاون کی امید رکھنا صحیح نہیں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ موثق اور صحیح اطلاعات و معلومات کی بنیاد پرعراق میں امریکا اور علاقے کی بعض رجعت پسند عرب حکومتیں داعش کی براہ راست مدد کر رہی ہیں اور یہ ممالک، عراق میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی ملکوں کے درمیان تعلقات و تعاون میں توسیع کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دیگرملکوں کے ساتھ تعلقات کے راستے مسدود کر دئے جائیں۔ آپ نے فرمایا کہ امریکا اور صہیونی حکومت کو چھوڑ کر اسلامی جمہوریہ ایران کے، دنیا کے سبھی ملکوں کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات ہیں لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اسلامی ممالک کو آپس میں ایک دوسرے سے زیادہ قریب ہونا چاہئے۔
اس ملاقات میں نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو دیرینہ اور دوستانہ قرار دیا اور کہا کہ ایران ایک ترقی یافتہ اور بڑا ملک ہے اور اس کے ساتھ تعاون اور تعلقات کے بےشمار مواقع پائے جاتے ہیں۔ نائیجیریا کے صدر نے رہبرانقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ملاقات میں بہترین رہنمائیاں اور ہدایات حاصل کی ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ونزوئیلا کے صدر سے بھی ملاقات میں فرمایا کہ خود مختار ملکوں کی ترقی و پیشرفت کا واحد راستہ ارادوں کی جنگ کے مقابلے میں ثابت قدمی اور عوام پر بھروسہ کرنا ہے۔ ونزوئیلا کے صدر نکولس مادورو نے بھی پیر کو رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے سامراجی طاقتوں کی پالیسیوں کے مقابلے میں ونزوئیلا کی استقامت اور قابل ستائش اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آج سامراجی طاقتیں انسانیت کے لئے ایک بڑی مصیبت بن گئی ہیں اور خود مختار ملکوں کی کامیابی اور ترقی کا واحد راستہ یہ ہے کہ وہ ثابت قدمی کا مظاہرہ اور اپنے عوام پر بھروسہ کریں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے لاطینی امریکا کے علاقے میں امریکا کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکا اس علاقے کو اپنی کالونی سمجھتا تھا لیکن ونزوئیلا کی مثالی ثابت قدمی نے اس علاقے کو ایک خود مختاراور باعزت علاقے میں تبد یل کر دیا۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ونزوئیلا پرامریکی دباؤ کا مقصد ونزوئیلا کے عوام اور حکومت کی استقامت اور قوت مزاحمت کو ختم کرنا بتایا اور فرمایا کہ آج کے دور میں دنیا کی جنگیں ارادوں کی جنگیں ہیں اس لئے آپ اپنی استقامت و پامردی اور اپنے ارادوں کو مستحکم بناکر نیز اپنے ملک کی بےشمار توانائیوں سے استفادہ کرکے اپنے ملک کی مشکلات پر غلبہ پانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ایران اور ونزوئیلا کے درمیان دو طرفہ تعاون میں توسیع پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ایران، ونزوئیلا کی ترقی و پیشرفت کو اپنی ترقی وپیشرفت سمجھتا ہے۔ ونزوئیلا کے صدر نکولس مادورو نے بھی رہبر انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک تاریخی ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ونزوئیلا دو حقیقی اور سچے دوست ہیں جن کے تعلقات بہت گہرے ہیں۔