Nov ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • روس اور ترکی تحمل سے کام لیں، ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی
    روس اور ترکی تحمل سے کام لیں، ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے روسی جنگی طیارے کی سرنگونی کے واقعے میں روس اور ترکی سے ضبط و تحمل کی اپیل کی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں شام میں ترکی کی طرف سے روسی جنگی طیارہ مار گرائے جانے کے بعد روس اور ترکی کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایران کے ہمسایہ ممالک ہیں اور ایران کے نزدیک ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے دوستانہ تعلقات کی بہت اہمیت ہے۔

ایران کے صدر نے بعض ممالک میں دہشت گردوں کی آزادانہ آمد و رفت اور اسی کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف اتحاد کے بارے میں بعض تشہیراتی پروپیگنڈوں کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اگر بین الاقوامی تنظیموں اور یورپی ممالک میں سنجیدہ عزم ہو تو عملی طور پر اس کا مشاہدہ ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہونا چاہئے کہ دہشت گرد، کسے تیل فروخت کر رہے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے شام میں ترکی کی سرحد کے قریب روسی طیارہ مارگرائے جانے کے واقعے کے بارے میں کہا کہ آج تک جو معلومات اس سلسلے میں موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق اس طیارے کو شامی فضا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی انجام دیتے وقت نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات، دہشت گردوں کے فائدے میں ہیں۔

ٹیگس