ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں صیہونی حکومت کی مضحکہ خیز تشویش
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے اس ایجنسی میں صیہونی حکومت کے نمائندے کی ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق تشویش کو حقیقت کے منافی اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے رضا نجفی نے جمعرات کے دن ویانا میں اس ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کہا کہ صیہونی حکومت عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں پر پابندی کے معاہدوں میں شامل نہیں ہوئی اور وہ کبھی بھی ایٹمی ہتھیاروں سمیت عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال اور ان میں توسیع سے دستبردار نہیں ہوئی ہے اس لئے اسے ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات کے بارے میں اظہار خیال کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا ہے۔
رضا نجفی نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت ایسی حالت میں ایٹمی ہتھیاروں پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے کہ جب اس نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے کسی بھی معائنہ کار کو اپنی خفیہ اور زمین دوز ایٹمی تنصیبات کے معائنے کی اجازت نہیں دی ہے اور وہ خفیہ ڈیمونا ری ایکٹر میں ایٹمی ہتھیاروں میں توسیع کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے مزید کہا کہ اس وقت صیہونی حکومت کے سیکڑوں ایٹمی وار ہیڈز کا رخ اسلامی ممالک کی جانب ہے اور ایسی حالت میں اس حکومت کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں پر تشویش حقیقت کے منافی اور مضحکہ ہے۔