Nov ۲۸, ۲۰۱۵ ۰۷:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹیجک ہیں: بروجردی
    ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹیجک ہیں: بروجردی

اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے روس کے شہر سن پیٹرزبرگ میں روس، پاکستان، افغانستان اور تاجیکستان کے اسپیکروں کے ساتھ ملاقات کی -

علاء الدین بروجردی نے اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور دہشت گردی سے مقابلے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا - انہوں نے جمعے کو روس کے شہر سن پیٹرز برگ میں سلامتی کے معاہدے کی تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر سرگئی ناریشکین کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل قرار دیا اور دوطرفہ پارلیمانی تعاون میں توسیع پر تاکید کی-

علاء الدین بروجردی اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھی اس اجلاس کے موقع پر دونوں ملکوں کے پارلیمانی روابط کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا- بروجردی نے اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے سرحدی علاقوں کی حساسیت خاص طور پر افغانستان کی ہمسائیگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دہشت گردی اور منشیات سے مقابلے کے لئے دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں اور تعاون کی اہمیت پر تاکید کی-

اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے تاجیکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبیداللہ یف اور افغانستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبد الرئوف ابراہیمی کے ساتھ بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں پارلیمانی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ سیاسی و سیکورٹی کے مسائل کے بارے میں گفتگو کی-

بروجردی نے عبدالرئوف ابراہیمی کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعاون میں فروغ اور موجودہ مسائل و مشکلات پر غلبہ پانے کے لئے اسلامی ملکوں کے درمیان تعاون کی تقویت کو انتہائی اہیمت کا حامل قراردیا-

افغانستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبد الرئوف ابراہیمی نے بھی اس ملاقات میں ایران اور افغانستان کے باہمی تعلقات اور تعاون کے جاری رہنے کو مفید قرار دیا اور دہشت گردی کے خلاف تہران اور کابل کے درمیان علاقائی تعاون میں فروغ کا مطالبہ کیا-

علاء الدین بروجردی نے تاجیکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ساتھ بھی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو دوستانہ اور مشترکہ تاریخی و ثقافتی روابط کا حامل قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ حاصل ہوگا-

واضح رہے کہ سلامتی کے معاہدے کی تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کا دو روزہ اجلاس، روس کے شہر سن پیٹرزبرگ میں روس، بیلاروس، قزاقستان، قرقیزستان، ارمنستان اور تاجیکستان کے ممبر ملکوں، اور مبصر کی حیثیت سے افغانستان کی قومی اسمبلی کے نمائندوں اور صربیہ کے پارلیمانی نمائندے نیز مہمان خصوصی کی حیثیت سے ایرانی پارلیمنٹ کے وفد کی شرکت سے جمعرات کو شروع ہوا اور جمعے کو اختتام پذیر ہوگیا-

ٹیگس