خراسان رضوی اور تلنگانہ و آندھرا پردیش کے درمیان مختلف تجارتی سمجھوتے
ایران کے شمال مشرقی صوبہ خراسان رضوی اور ہندوستان کی تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے چیمبرز آف کامرس نے تجارت کے شعبے میں تعاون کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ میں شمال مشرقی ممالک کے شعبے کے سربراہ غلام عباس ارباب خالص نے کہا ہے کہ ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے تاجرین پر مشتمل بائیس رکنی وفد نے ہندوستان کے دورے کے دوران حیدرآباد شہر میں دوطرفہ تجارت کے شعبے میں تعاون کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔
غلام عباس ارباب خالص کے مطابق تجارت کے شعبے میں معلومات کے تبادلے، تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع نیز خراسان رضوی میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں کے بارے میں ہندوستان کی تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کے چیمبرز آف کامرس کی فیڈریشن اور خراسان رضوی صوبے کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
ایران کے اس تجارتی وفد نے ہندوستان کی تلنگانہ اور آندھرک پردیش ریاستوں کے چیمبرز آف کامرس، صنعتی مراکز، اہم تاجروں اور ہندوستان میں مقیم ایرانی تاجروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ حیدرآباد کے دورے میں ایرانی تاجرین کے وفد نے آئی ٹی سے متعلق اہم مراکز کا بھی دورہ کیا۔