Dec ۱۱, ۲۰۱۵ ۰۷:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران نے اقوام متحدہ میں اپنی مجوزہ قرارداد پیش کردی
    ایران نے اقوام متحدہ میں اپنی مجوزہ قرارداد پیش کردی

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے تشدد و انتہا پسندی سے عاری دنیا کے زیر عنواں، قرارداد کا مسودہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کردیا۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے تشدد و انتہا پسندی سے عاری دنیا کے زیرعنواں قرارداد کا مسودہ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی مجوزہ قرارداد پر دنیا کے مختلف ملکوں کی جانب سے حمایت کا اعلان، تشدد و انتہا پسندی کے مقابلے میں اقوام متحدہ کی جانب سے موثر اقدام عمل میں لائے جانے کی ضرورت کو نمایاں کرتا ہے۔

غلام علی خوشرو نے کہا کہ ادیان الہی میں تشدد و انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور تعصّب و افتراق نیز دیگر ادیان کے پیروکاروں پرالزام تراشی کے نتیجے میں تشدد و انتہا پسندی اور دہشت گردانہ افکار کو تقویت ملتی ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے انتہا پسندانہ اقدامات کے ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام و عراق میں انتہا پسند گروہوں کے وحشیانہ اقدامات اوراسی طرح پیرس، بیروت، مصر، انقرہ اورامریکہ سمیت مختلف دیگرعلاقوں میں انجام پانے والے وحشیانہ اقدامات کے پیش نظر اس حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے کردار کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ، کسی بھی ملک کی جغرافیائی حدود تک محدود نہیں ہے لہذا اس لعنت کا باہمی تعاون سے متحدہ طور پر مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔

غلام علی خوشرو نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے جوڑنا بالکل غلط بات ہے اور ایسی باتیں کرکے ہی دہشت گردی کی حمایت اور اسے فروغ دیا جا رہا ہے۔

ٹیگس