محمد جواد ظریف کا نائیجیریا میں رونما ہونے والے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نائیجیریا میں رونما ہونے والے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نائیجیریا کے وزیر خارجہ جیفری اونی ایما سے بات چیت کرتے ہوئے زاریا شہر کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے حکومت نائیجیریا سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
قابل ذکر ہے کہ نائیجیریا کی فوج نے تیرہ دسمبر کو ملک کے سرکردہ شیعہ رہنما آیت اللہ ابراہیم الزکزاکی کے گھر پر حملہ کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ اس سے پہلے، ہفتے کے روز نائیجیریا کی فوج نے ملک کے شیعہ آبادی والے شہر زاریا میں واقع امام بارگاہ حسینیہ بقیۃ اللہ پر اس وقت حملہ کردیا تھا جب وہاں مجلس عزا ہورہی تھی۔ اس حملے میں اب تک پچاس افراد شہید ہوچکے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دونوں ملکوں کے اچھے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے زاریا میں پیش آنے والے واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ نائیجیریا کی حکومت تشدد اور طاقت کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے صورتحال کی بہتری اور مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات انجام دے گی۔ نائیجیریا کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ اس ملک کے اعلی حکام کے درمیان صلاح ومشورے کے نتیجے میں زاریا کے علاقے میں صورتحال بہت جلد پرسکون ہوجائے گی اور تشدد اور جھڑپوں کا سلسلہ بھی بند ہوجائے گا۔