آئی اے ای اے نے اتفاق رائے سے ایران کا جوہری معاملہ ختم کردیا
آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے اتفاق رائے کے ساتھ ایران کے جوہری کیس کو ختم کردیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے پانچ جمع ایک گروپ کی پیش کردہ قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ہے جس کے بعد ایران کی ایٹمی سرگرمیوں سے متعلق پی ایم ڈی کا معاملہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا ہے۔
اس قرارداد کا مسودہ پانچ جمع ایک گروپ نے سات دسمبر کو آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں پیش کیا تھا۔
اس سے پہلے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے غیر معمولی اجلاس میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا آمانو نے پی ایم ڈی کے بارے میں جائزہ رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ تھا کہ ایرا ن کی ایٹمی سرگرمیوں میں فوجی مقاصد کی جانب انحراف کے شواہد نہیں ملے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کی رپورٹ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایران کے بارے میں پی ایم ڈی کا معاملہ ہمیشہ کے لیے تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے خلاف سن دوہزار تین سے دوہزار بارہ کے تک عرصے میں منظور کی جانے والے تمام بارہ قراردادیں منسوخ اور ان کے تحت عائد کی جانے والی پابندیاں ختم ہوگئی ہیں۔