ایران کے عوام ، نائیجیریامیں شیعہ مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کے خلاف مظاہرے کریں گے۔
ایران کے عوام آئندہ جمعے کو نائیجیریامیں شیعہ مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام اور مذہبی اقدار کی توہین کے خلاف مظاہرے کریں گے۔
اسلام پروپیگیشن آرگنائیزیشن کی کوآرڈی نیشن کونسل کے جاری کردہ بیان میں نائیجیریا میں شیعہ مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرے کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بیان میں عوام سے مظاہروں میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ مظاہرے، تہران ، مشہد، اراک، اردبیل، شیراز، زنجان، ہمدان، قزوین اور بندر عباس صوبوں کے صدر مقام سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کئے جائیں گے۔
منگل کے روز بھی ایرانی عوام کی ایک بڑی تعداد نے تہران میں نائیجیریا کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کرکے فوج کے ہاتھوں شیعہ مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کی مذمت کی تھی۔
مظاہرین نے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے دعوے داروں کی خاموشی کی مذمت میں نعرے بھی لگائے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے نائیجیریا کے سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے فوج کے ہاتھوں بے گناہ شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر شدید احتجاج بھی کیا ہے۔