ایران کی مسلح افواج کا ڈاکٹرائن دفاعی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی ڈاکٹرائن دفاعی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پوردستان نے بدھ کے دن شمال مشرقی ایران میں واقع مقدس شہر مشہد میں اس بات کو بیان کرتے ہوئے، کہ ایران کی مسلح افواج کی ڈاکٹرائن دفاعی ہے، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کبھی بھی جنگ میں پہل نہیں کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے کمانڈر نے مشرق وسطی کے علاقے خصوصا شام اور عراق میں دہشت گردوں کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی ریڈ لائن دہشت گردوں کا ایران کی سرحدوں سے چالیس کلومیٹر تک کے فاصلے پر پہنچنا ہے اور اس ریڈ لائن کو عبور کرنے کی صورت میں ایران کی مسلح افواج پوری سنجیدگی کے ساتھ اشتعال انگیز عناصر کے خلاف کارروائی کریں گی۔
بریگیڈیئر احمد رضا پوردستان نے ایران کی میزائلی صلاحتیوں کے بارے میں بھی کہا کہ ہم امریکی دھمکیوں کو خاطر میں لائے بغیر اور اپنی ضروریات کو مد نظر رکھ کر ملک کی دفاعی صلاحتیوں میں اضافہ کریں گے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر محمد علی جعفری نے بھی بدھ کے دن مشہد مقدس میں اس بات پر تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کو جان لینا چاہئے کہ وہ سازش اور شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دے کر اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔ محمد علی جعفری نے کہا کہ اسلامی انقلاب دوسرے ممالک کے لئے ایک نمونہ عمل بن چکا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر محمد علی جعفری نے تسلط کے نظام اور سامراج کے مقابلے کو اسلامی جمہوریہ ایران کا ہدف قرار دیا۔