Dec ۱۷, ۲۰۱۵ ۰۸:۲۱ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی
    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے ایٹمی پروگرام کے ممکنہ فوجی پہلوؤں کی فائل پی ایم ڈی کا بند ہونا ایران کی سفارتی کامیابی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہلال احمر سوسائٹی قم کی خدمات کی قدردانی کی تقریب میں پی ایم ڈی فائل بند ہونے اور آئی اے ای اے کی جانب سے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں میں انحراف نہ پائے جانے کے اعتراف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کا حالیہ فیصلہ ایران کے خلاف شرانگیز مہم جوئی کا خاتمہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ بارہ سال قبل ایران کے دشمنوں نے دعوی کیا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام فوجی مقاصد کا حامل ہے جس کے باعث اسلامی جمہوریہ ایران پر گزشتہ برسوں کے دوران ظالمانہ پابندیاں عائد کی گئیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف آئی اے ای اے میں جو رپورٹ پیش کی گئی وہ کمزور اور بے بنیاد دعووں کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی اور دس سال سے زائد عرصے تک ایران کے خلاف پابندیاں عائد رکھی گئیں اور اس پر دباؤ ڈالا گیا۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے گزشتہ دو سال کے دوران ایران کے سخت اور دشوار مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے مذاکرات کے دوران جو راستہ اختیار کیا وہ سفارت کاری کا راستہ تھا کہ جس کی رہنمائی اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی ترین شخصیت رہبر انقلاب اسلامی نے کی۔

ٹیگس