ایران اور الجزائر کا مشترکہ اقتصادی اجلاس دارالحکومت الجزیرہ میں شروع
اسلامی جمہوریہ ایران اور الجزائر کا مشترکہ اقتصادی اجلاس الجزائر کے دارالحکومت الجزیرہ میں شروع ہو گیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری اور الجزائر کے وزیر اعظم عبدالمالک سلال کی صدارت میں الجزائر کے دارالحکومت الجزیرہ میں ایران اور الجزائر کا مشترکہ اقتصادی اجلاس شروع ہوگیا ہے۔
اس اجلاس میں دو طرفہ باہمی اقتصادی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ایران کے وزیر روڈ و ٹرانسپورٹ ، وزیر توانائی اور وزیر انصاف اور سینٹرل بینک کے سربراہ اس اجلاس میں شریک ہیں۔ الجزائر کے اقتصادی وفد کے ساتھ ایران کے اعلی سطحی وفد کے اجلاس کے بعد اقتصادی، سیاسی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں باہمی تعاون کی آٹھ دستاویزات پر دستخط کئے جائیں گے۔
ان دستاویزات پر دونوں ملکوں کے حکام باہمی تعاون کے ہائی کمیشن کے دوسرے اجلاس میں دستخط کریں گے۔
ان دستاویزات پر دستخط کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اور الجزائر کے وزیر اعظم مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر الجزائر کے حکام سے ملاقات اور ایران اور الجزائر کے باہمی تعاون کمیشن کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے مقصد سے بدھ کے دن ایک وفد کو اپنے ساتھ لے کر الجزائر پہنچے۔