Dec ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • شام کا بحران سیاسی طریقے سے حل کیا جائے: ایران اور چین کے وزرائے خارجہ کی تاکید
    شام کا بحران سیاسی طریقے سے حل کیا جائے: ایران اور چین کے وزرائے خارجہ کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے وزرائے خارجہ نے بحران شام کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

بحران شام کے بارے میں نیویار ک میں ہونے والے عالمی اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایک دوسرے سے ملاقات اور شام کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

چین کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک بحران شام کے سیاسی حل میں مدد دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے شام کے بارے میں پچھلے دو اجلاسوں کے نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ شامی حکومت کے مخالفین اور دہشت گرد گروہوں کی فہرست تیار کیے جانے کی ضرورت ہے۔

چین کے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ نیویارک اجلاس میں شریک وفود بحران شام کے سیاسی حل کے بارے میں کسی اتفاق رائے تک پہنچ جائیں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس موقع پر کہا کہ بحران شام کے حل میں پیشرفت کے باوجود اختلافات بدستور باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک اجلاس میں شامی مخالفین کے نمائندوں کے طور پر بعض شرکت کرنے والوں کے ناموں کے بارے میں شکو ک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے لوگوں کو بھی مذاکرات میں شرکت کے کارڈ دیئے گئے ہیں جو ، شامی مخالفین کے بارے میں ویانا اجلاس میں طے کی گئی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شامی مخالفین کا محاذ سنجیدہ اور ہمہ گیر ہونا چاہیے تاکہ ایسی سنجیدہ گفتگو میں حصہ لے سکے۔

ٹیگس