Dec ۲۲, ۲۰۱۵ ۱۹:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران  امن و سلامتی کا گہوارہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا علمبردار ہے: صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کو امن و سلامتی کا گہوارہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا علمبردار قرار دیا ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے منگل کو انٹیلی جنس کی وزارت کے اعلی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ آج ملک میں امن و استحکام اور سلامتی کا جو ماحول حکمفرما ہے وہ امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے گمنام سپاہیوں یعنی انٹیلی جنس کی وزارت کے کارکنوں اور عہدیداروں کی انتھک محنتوں کا نتیجہ ہے -

صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک کے ہرشہری کو سلامتی و آسائش فراہم کرنا حکومت کی سب سے اہم ذمہ داری ہے کہا کہ ایک ایسے وقت جب علاقہ بدامنی کا شکار ہے ایران میں امن و استحکام اور سلامتی سب کے لئے قابل رشک ہے -

انہوں نےکہا کہ ہم ایران میں پائی جانے والی غیر معمولی سلامتی اور استحکام پر فخر کرتے ہیں-

صدر روحانی کا کہنا تھا کہ یہ وہ حقیقت ہے جس کا اعتراف دنیاکے بہت سے ملکوں کے سربراہوں اور اعلی حکام نے ایرانی حکام سے ملاقاتوں میں بھی کیاہے -

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایک وقت وہ تھا جب بہت سے مغربی ممالک اور اسلامی نظام کے مخالف اور دشمن گروہ ایران کو علاقے اور دنیا میں سب سے زیادہ غیر مستحکم اور ناامن ملک کے طور پر پیش کرنا چاہتے تھے لیکن آج اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن و سلامتی کا علمبردار ہے اور انہی ملکوں میں سے بہت سے ممالک آج ایران کی جانب مدد کا ہاتھ پھیلائے ہوئے ہیں -

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج ملک کی سبھی طاقتیں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ اور رہبرانقلاب اسلامی کی رہنمائی میں ملک کی ترقی و خوشحالی کی کوششوں میں مصروف ہیں - انہوں نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان معاہدے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بعد کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کے دوران ایرانی حکومت کا اقد ام بہت ہی اہم کارنامہ تھا کیونکہ ہمارے مذاکرات کاروں نے مذاکرات کے دوران کسی بھی مرحلے پر دب کر بات نہیں کی بلکہ انہوں نے پوری قوت اور منطق کے ساتھ مذاکرات انجام دیئے -

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی ظالمانہ قراردادوں کو ختم کرا کے دنیا کے سامنے اپنی سیاسی قوت کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا-

صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج ایران کی سیاسی قوت اس کی ناقابل تسخیر سیکورٹی کی ہی مرہون منت ہے -

انہوں نے فروری میں ہونےوالے عام انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے ان انتخابات کوعلاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا افتخار قراردیا اور کہا کہ ایران علاقے کا وہ واحد ملک ہے جس کے عوام آزاد و شفاف انتخابات میں پورے امن و سکون کے ساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہیں۔

ٹیگس