ممنوعہ شعبوں کو چھوڑ کر دفاع کے تمام میدانوں میں ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے پر تاکید
ایران کی برّی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ممنوعہ شعبوں کو چھوڑ کر دفاع کے تمام میدانوں میں ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بناتے رہیں گے۔
بدھ کے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے برّی فوج کے سربراہ بریگیڈیئر احمد رضا پور دستان نے کہا کہ روس کے ٹی نائنٹی ٹینک بہت جلد ایرانی فوج کے حوالے کردیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی نائنٹی ٹینکوں کی خریداری کا ابتدائی مرحلہ طے ہوچکا ہے۔
برّی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد سے قطع نظر ہم اپنی دفاعی توانائیوں میں مسلسل اضافہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کو اتنا طاقتور ہونا چاہیے کہ قوم ، امن وسکون محسوس کرے۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن جب دیکھے کہ ہماری انگلی لبلبی پر ہے تو وہ اپنے ناپاک عزائم سے پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، گیارہ ستمبر کے بعد ایران پر حملہ کرنا چاہتا تھا لیکن سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور رضاکار فورس بسیج سمیت مسلح افواج کی طاقت وتوانائی کے باعث اسے اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔
ایران کی برّی فوج کے سربراہ نے کیمیائی، جراثیمی اور ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی مقرر کردہ حدود کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مذکورہ تینوں شعبوں کو چھوڑ کر ملکی دفاع کے تمام شعبوں میں تقویت کا عمل جاری رہے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کی مغربی سرحدیں پوری طرح محفوظ ہیں اور ہمیں اس علاقے میں پوری انٹیلی جنس برتری حاصل ہے۔ برّی فوج کے سربراہ نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد گروہ نےمغربی سرحدوں پر بدامنی پھیلانے کی کوشش کی تو اسے نیست و نابود کردیا جائے گا۔