Jan ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • نیا عیسوی سال علاقے میں بچوں کے قتل عام کے خاتمے کا سال ہو گا: جابری انصاری

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ نیا عیسوی سال علاقے میں بےگناہ بچوں کے قتل عام اور لڑائیوں کے خاتمے کا سال ہو گا-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے سال دو ہزار سولہ کے آغاز کی مناسبت سے ایک پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال کا آغاز ان حالات میں ہو رہا ہے کہ فلسطینی قوم اپنی آزادی اور خودمختاری کی تمنا اور آرزو دل میں لئے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مسلسل نبرد آزما ہے-

جابری انصاری نے کہا کہ مغربی ایشیا اور دنیا کے دیگر ممالک بھی بین الاقوامی طاقتوں کی ہٹ دھرمانہ، یکطرفہ اور مداخلت پسندانہ پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور دنیا میں اندھی دہشت گردی اور انتہا پسندی نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ نیا عیسوی سال ان بچوں کے لئے جو آگ اور خون کے دریا میں پیدا ہوئے اور اسی میں پروان چڑھ رہے ہیں ، ظلم و تشدد سے رہائی کا سال واقع ہو گا تاکہ انہیں بھی انسانی زندگی کی لذتوں اور مسکراہٹوں کا موقع میسر آ سکے-

ٹیگس