آیت اللہ باقر نمر کو شہید کرنے کا سعودی اقدام غیر اسلامی اور غیرانسانی ہے: صدر مملکت حسن روحانی
صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آیت اللہ نمر باقر نمر کو شہید کرنے کے سعودی اقدام کو غیر اسلامی اور غیرانسانی قرار دیا ہے۔
آیت اللہ نمر باقر نمر کی شہادت پرایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان میں سعودی عرب کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ صدر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سعودی عرب نے اس غیراسلامی اورغیر انسانی اقدام سے دنیا بھر کے ملکوں اور خاص طور سے اسلامی ممالک کے درمیان اپنی ساکھ کو پہلے سے زیادہ خراب کر لیا ہے۔
صدر حسن روحانی نے واضح کیا کہ یہ اقدام فرقہ واریت پر مبنی پالیسی کے دائرے میں انجام پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خطے اور دنیا میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مزید ہوا ملے گی جس نے پہلے ہی خطے کو بدامنی اور جنگ میں الجھا رکھا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے عوام دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے اس غیر اسلامی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ملک کے سرکردہ عالم دین اور انسانی حقوق اور جمہوریت کے لیے تحریک چلانے والے شیعہ رہنما آیت اللہ نمر باقر نمر کو سزائے موت دے کر شہید کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے اس غیر انسانی اور غیر اسلامی اقدام کی علاقائی اور عالمی سطح پر بڑے پیمانے پرمذمت کی جارہی ہے۔