افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ تہران پہنچ گئے
افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ساتھ تہران پہنچ گئے ہیں۔
عبداللہ عبداللہ اپنے تین روزہ دورےکے دوران ، اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ عبداللہ عبداللہ پچھلے ا یک سال کے دوران ایران کا دورہ کرنے والے دوسرے بڑے افغان عہدیدار ہیں۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے دو ہزار پندرہ کے موسم گرما میں ایران کا دورہ کیا تھا۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹو جنوبی ایران کی بندرگاہ چابہار کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے ملک کے لیے ٹرانزٹ سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔ عبداللہ عبداللہ کی قیادت میں آنے والے وفد میں ان کے معاون محمد محقق، قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر، مہاجرین کے امور کے وزیر سید حسین عالمی بلخی، وزیر صنعت و تجارت ہمایون رسا، وزیر محنت نسیم اوریا گل، وزیر اطلاعات و ثقافت عبدالباری جہانی، وزیرٹرانسپورٹ اور شہری ہوا بازی محمد بتاش ،ڈپٹی وزیرخارجہ حکمت خلیل اورافغان ایوان صدر کے دیگر عہدیدار بھی شامل ہیں۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹو کے دورہ ایران کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت ،کھیل اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔