Jan ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران اور افغانستان کے درمیان اقتصادی و سیکورٹی تعاون کے فروغ پر تاکید : ایران کے وزیرداخلہ
    ایران اور افغانستان کے درمیان اقتصادی و سیکورٹی تعاون کے فروغ پر تاکید : ایران کے وزیرداخلہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ نے ایران اور افغانستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کے آغاز کی خبر دی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے بدھ کے روز تہران میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات میں مختلف سیاسی، اقتصادی، منصوبہ بندی اور سیکورٹی کے میدانوں میں ایران اور افغانستان کے درمیان مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے حالات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

رحمانی فضلی نے امید ظاہر کی کہ ایران اور افغانستان کے درمیان تعاون کے مشترکہ کمیشن کا پانچواں اجلاس اور دونوں ملکوں کے چھے سرحدی صوبوں ہرات، فراہ، نیمروز، خراسان رضوی، سیستان و بلوچستان اور خراسان جنوبی کا مشترکہ اجلاس جلد از جلد منعقد ہو گا جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات عملی طور پر مزید فروغ پائیں گے۔

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ منگل کے روز ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کے ساتھ ملاقات اور بات چیت کے لیے تہران پہنچے۔

ٹیگس