سعودی عرب کی پالیسیاں غیر تعمیری ہیں: ڈاکٹر علی شمخانی
ایران کے قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی شمخانی نے سعودی حکومت کی پالیسیوں کو غیر تعمیری قرار دیا ہے۔
تہران میں سابق جرمن چانسلر گیر ہارڈ شروڈر سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی شمخانی نے جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنےکی تمام علاقائی اور عالمی کوششوں کو روکے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، اسرائیل اورامریکہ کے کنزرویٹو دھڑے کی ان کوششوں کو روکنا ضروری ہے جو وہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جامع ایٹمی معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو تکفیری دہشت گردوں کی حمایت اور یا علاقائی استحکام کے لیے تعمیری تعاون میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر علی شمخانی نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک سمیت دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون اور بحرانوں کے حل کا خواہاں ہے۔ سابق جرمن چانسلر گیر ہارڈ شروڈر نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف ایران کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے سرکردہ سعودی عالم دین آیت اللہ نمرباقر نمر کو سزائے موت دیئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے علاقائی امن و سلامتی میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔
سابق جرمن چانسلر نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اقتصادی ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد جرمنی اور ایران کے درمیان تعلقات میں تیزی کے ساتھ فروغ آئے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جرمنی کے سابق چانسلر گیرہارڈ شروڈر اپنے ملک کے بیس رکنی صنعتی ، تجارتی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ پیر کے روز تہران پہنچے ہیں۔