ہفتے کے روز سے ایران کے خلاف پابندیوں کا خاتمہ ہوجائے گا، محمد جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران کے خلاف عائد تمام پابندیاں آج ہفتے کے روز سے اٹھائی جا رہی ہیں۔
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ آج ایرانی عوام کے لئے ایک اچھا دن ہے اور پابندیاں ہٹائی جارہی ہیں۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ یہ علاقے کے لئے بھی ایک اچھا دن ہے اور ہمارا خطہ بلاوجہ کی کشیدگی سے باہر آگیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عملدآمد سے متعلق مشترکہ بیان جاری کر دیا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بعد خطے میں جاری دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون کا اچھا ماحول فراہم ہو گا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ تہران دہشت گردی کے خلاف مہم میں اپنے تمام پڑوسیوں اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی کے ساتھ مشترکہ بیان جاری کرنے اور جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کا اعلان کرنے کی غرض سے ہفتے کے روز ویانا پہنچے ہیں۔
تازہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ویانا میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے درمیان مذاکرات کا ایک دور انجام پا چکا ہے۔