مقابل فریق ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عملدرآمد کرے، آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر فریق مقابل کی طرف سے مکمل پابندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ فریق مقابل مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تعلق سے اپنے وعدوں پر پوری طرح عمل کرے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو ایران بھی اپنے وعدوں پر عمل کرنا بند کردے گا۔
آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے امریکی میرین فوجیوں کی ایرانی سمندری حدود میں گرفتاری کے واقعے کے بارے میں کہا کہ ایک ایسا مسئلہ، جو ملک کے اندر، علاقائی اور عالمی سطح پر خاص طور پر مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کا وقت قریب آنے کے موقع پر ہنگامہ بپا کر سکتا تھا، حکومت اور سپاہ پاسداران کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تدبیر و دانشمندی اور سرعت عمل کی بدولت اچھے انداز میں اور درایت کے ساتھ حل ہو گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ منگل کی رات ایران کی سپاہ پاسداران کی بحریہ کے جوانوں نے دو امریکی جنگی کشتیوں اور ان پر سوار امریکی میرین فوجیوں کو اس وقت پکڑ لیا تھا جب انہوں نے ایران کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔
اس واقعے پر امریکی حکام نے معافی مانگی اور یہ کہا کہ یہ جنگی کشتیاں غلطی سے ایرانی حدود میں داخل ہو گئی تھیں جس کے بعد بدھ کو ان امریکی فوجیوں کو ان کی کشتیوں کے ساتھ رہا کر دیا گیا۔