ایرانی پارلیمنٹ میں صدر مملکت کا خطاب، ملت ایران کو مبارک باد
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے عصر حاضر کی تاریخ کے پیچیدہ ترین کیس میں ایران کی عظیم قوم کی کامیابی کی مبارک باد پیش کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آج اتوار کے روز کہ جو آئندہ مالی سال تیرہ سو پچانوے ہجری شمسی کا بجٹ بل اور چھٹا ترقیاتی پروگرام پیش کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں گئے تھے، پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عظیم عوام نے صبر و استقامت، پائیداری اور حتی اپنے حقوق کے حصول کی راہ میں اور اپنے اسلامی انقلاب کی امنگوں کے لیے استقامت کا مظاہرہ کیا اور اپنے بہترین سفارت کاروں کو بڑی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بھیجا اور ان کی حمایت کر کے اور متانت و بردباری سے فتح و کامیابی حاصل کی۔
صدر مملکت نے رہبر انقلاب اسلامی کی قدردانی کی کہ جو اول سے لے کر آخر تک ایٹمی مذاکرات کے تمام حساس مراحل میں رہنما تھے، حامی تھے، ہادی تھے، انھوں نے مذاکرات کا دائرہ کار معین کیا اور اس اہم تاریخی عمل پر گہری نظر رکھی۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان صرف ایک نئی فضا اور حالات ہیں اور اس فضا اور حالات سے اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی و پیشرفت، عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی اور امن و سلامتی کے لیے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایٹمی مذاکرات کہ جو رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایت و رہنمائی، عوام مدد و حمایت اور نظام کے تمام ارکان کی ہمراہی سے نتیجے پر پہنچے، ملک کا ایک درخشاں باب ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران ایٹمی مذاکرات میں اس بات میں کامیاب ہوا کہ بڑی طاقتوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی حقوق کو تسلیم کرنے پر مجبور کر دے اور ایرانو فوبیا کے منصوبے کو ناکام بنا دے۔