عباس عراقچی کی علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے والے ممالک پر تنقید
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں کشیدگی کسی کے حق میں نہیں ہوگی-
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جمعرات کی شام جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ بعض ممالک علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-
سیدعباس عراقچی نے کہا کہ اس کے باوجود کہ بعض مخصوص ممالک کشیدگی کم کرنے کو ترجیح نہیں دے رہے ہیں ، اسلامی تعاون تنظیم سے امید ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی -
سعودی عرب کے معروف شیعہ مذہبی رہنما آیت اللہ نمر باقر نمر کو سزائے موت دیئے جانے کے بعد احتجاجی مظاہروں کے دوران بعض افراد کی جانب سے تہران اور مشھد میں سعودی عرب کے سفارت خانے اور قونصل خانے پر حملے کے بعد تہران اور ریاض کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے- سعودی عرب نے ان حملوں کو بہانہ بنا کر ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کر لئے ہیں-
ایران کے حکام نے تہران اور مشھد میں سعودی عرب کے سفارت خانے اور قونصل خانے پر حملہ کرنے والوں کو مشکوک قرار دیا اور اس کے بعد کئی افراد کو گرفتار بھی کرلیا-
اسی موضوع کا جائزہ لینے کے لئے ریاض کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس جمعرات کو جدہ میں منعقد ہوا-
اس ہنگامی اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے کچھ ہی وزرائے خارجہ نے شرکت کی-