Jan ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر کا یورپی ممالک کا دورہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور میں یورپی ملکوں منجملہ اٹلی اور فرانس کے ساتھ تعلقات کی توسیع کو ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں قرار دیا۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کو اپنے دورہ اٹلی کے لئے روانہ ہونے سے قبل تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ حالات میں ان کا چار روزہ دورہ اٹلی و فرانس، بہت ہی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور سے ایران کی ترقی و پیشرفت کے لئے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے اپنے دورہ اٹلی اور فرانس میں دو اہم مفاہمتی دستاویزات کا جائزہ لئے جانے اور ان پر اتفاق رائے ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں تینوں ملکوں کے مابین درمیانہ مدت اور طویل مدت تعاون کے روڈ میپ کا جائزہ لیا جائے گا اور اس پر اتفاق رائے ہوگا۔

انہوں نے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے اور مزید پیشرفتہ ٹیکنالوجی کا حصول ایران کے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اٹلی اور فرانس کے دورے میں دونوں ملکوں کے حکام سے مختلف صنعتی، زرعی، سیاحتی، طبی آلات و وسائل، ماحولیات اور اعلی تعلیمی شعبوں اور امور پر بات چیت اور ان میدانوں میں تعاون پر اتفاق رائے ہو گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، روم میں اپنے قیام کے دوران ویٹیکن کا بھی دورہ کریں گے اور وہ کیتھولیک عیسائیوں کے رہنما پاپ فرانسیس سے بھی ملاقات کریں گے۔

ٹیگس