ایرانی بحریہ کی "ولایت چورانوے" نامی بحری مشقیں جاری
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کی " ولایت چورانوے " نامی فوجی مشقیں دوسرے روز بھی کامیابی سے جاری رہیں -
رپورٹ کے مطابق "ولایت چورانوے" نامی بحریہ کی فوجی مشقیں ، جمعرات کو بھی جنوب مشرقی ایران کے ساحلی علاقے مکران اور شمالی بحرہند میں انجام پائیں اور فوج کے جوانوں نے فرضی دشمن کا کامیابی سے مقابلہ کیا-
بحریہ کی دفاعی فوجی مشقوں کے اس مرحلے میں انواع و اقسام کے ایران کے توپ خانوں ، شھاب ، رعد اور عاشورا نامی ڈسٹرائر، اے بی دو سو بارہ اور تھری ڈی ایس ایچ ہیلی کاپٹروں ، پیراشوٹروں اور فوجی کمانڈوز نے فرضی دشمن کی بوٹس ، گن بوٹس ، اور آبدوزوں پر سخت حملہ کیا اور انھیں پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا-
ولایت چورانوے بحری مشقوں میں انواع اقسام کی آبدوزیں ، بحری بیڑے ، میزائل لانچر، راکٹ لانچر، کمانڈوز، سپورٹ یونٹس، موبائل الیکٹرانک جنگ کے نظام پر مشتمل الیکٹرک وار فائر، لاجسٹیک بریگیڈ اور میڈیکل اور انٹیلیجنس عملہ بھی موجود ہے-
ولایت چورانوے بحری مشقوں کا مقصد سمندر میں امن و سیکورٹی قائم کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت و توانائی کا مظاہرہ کرنا ہے-
ایران کی بحریہ کی ولایت چورانوے فوجی مشقیں بدھ سے مشرقی آبنائے ہرمز، بحیرہ عمان اور شمالی بحر ہند کے علاقے میں شروع ہوئی ہیں-