ایران کی جانب سے سعودی عرب کی مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کے صوبے الاحساء میں مسجد امام رضا(ع) پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے سعودی عرب کے صوبے الاحساء میں مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس حملے میں کئی نمازی شہید و زخمی ہوئے ہیں۔ جابر انصاری نے ایک بیان میں اس حملے میں شہید و زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی سعودی عرب میں مساجد اور امام بارگاہوں پر دہشت گردانہ حملے، اس علاقے میں سیکورٹی کی تشویشناک صورت حال اور دہشت گردانہ حملوں کے مقابلے میں سعودی عوام کے مختلف طبقوں کو تحفظ فراہم کرنے میں اس ملک کی سیکورٹی فورسز کی لاپرواہی کے آئینہ دار ہیں۔
واضح رہے کہ مشرقی سعودی عرب کے علاقے الاحساء میں کل نماز جمعہ کے موقع پر مسجد امام رضا(ع) پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں پانچ افراد شہید اور سات دیگر زخمی ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران مشرقی سعودی عرب میں مساجد اور مذہبی مقامات پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں سیکڑوں افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں۔