رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے امریکی فوجیوں کو گرفتار کرنے والے فوجیوں کے لیے فتح میڈل
رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے امریکی بحریہ کے فوجیوں کو گرفتار کرنے والے پاسداران انقلاب اسلامی کے نیوی کمانڈروں کو فتح میڈل سے نوازا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایک تقریب میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علی فدوی اور چار دیگر افسران کو اپنے ہاتھوں سے ملک کا اہم ترین فوجی ایوارڈ، فتح میڈل عطا کیا۔ ایران کی مسلح افواج نے غیر قانونی طور پر ملک کی سمندری حدود میں داخل ہونے والےامریکی بحریہ کے فوجیوں کی گرفتاری کے آپریشن میں حصہ لینے والے دیگر افسران اور فوجیوں کو بھی ترقی دینے کی درخواست کی جسے رہبر انقلاب اسلامی نے منظور کر لیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے جوان رواں ماہ کی بارہ تاریخ کو غیر قانونی طور پر ایران کی سمندری حدود میں داخل ہونے والی امریکی جنگی کشتیوں کو روک کر ان میں سوار دس امریکی فوجیوں کو گرفتار کر کے قریبی جزیرے فارسی لے آئے تھے۔ بعد ازا ں امریکی فوجیوں کے معافی مانگنے اور یہ ثابت ہو جانے کے بعد کہ امریکی بحریہ کی جنگی کشتیاں غلطی سے ایران کی سمندری حدود میں داخل ہوگئی تھیں امریکی میرین فوجیوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔
ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اس اقدام کو بروقت، دلیرانہ اور ایمان پر استوار قرار دیا تھا۔