Feb ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • مجلس شورائے اسلامی کی جانب سے امریکی میرین فوجیوں کو گرفتار کرنے کے سپاہ پاسداران کے جوانوں کے اقدام کو خراج تحسین

مجلس شورائے اسلامی نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر امریکی میرین فوجیوں کو گرفتار کرنے کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایران کی مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کی پریزائیڈنگ کمیٹی نے اپنے پیر کے اجلاس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر علی فدوی، ایڈمرل علی رزمجو کے علاوہ سپاہ کی بحریہ کے دیگر افسران منوچہر احمدحسینی، مہدی داوری اور ابراہیم ابرار کو شیلڈ اور پھولوں کے گلدستے پیش کر کے جارح امریکی فوجیوں کو گرفتار کرنے کے سپاہ کے جوانوں کے دلیرانہ اقدام کو خراج تحسین پیش کیا- قبل ازیں سپاہ پاسداران کی بحریہ کے کمانڈر علی فدوی نے سپاہ کے جوانوں کی اس دلیرانہ کارروائی کی رپورٹ پارلیمنٹ کی پریزائیڈنگ کمیٹی کو پیش کی-

واضح رہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے جوانوں نے بارہ جنوری کو دس امریکی میرین فوجیوں کو اس وقت گرفتار کر لیا تھا جب انہوں نے ایران کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی تھی- اس کارروائی میں سپاہ کے جوانوں نے جزیرہ فارسی کے قریب امریکا کی دو جنگی کشتیوں کو روک کر ان پرسوار سبھی دس امریکی فوجیوں کو گرفتار اور انہیں اس جزیرے میں منتقل کر دیا تھا- تاہم اس بات کا اطمینان ہو جانے کے بعد کہ یہ امریکی فوجی جان بوجھ کر ایران کی حدود میں داخل نہیں ہوئے تھے انہیں رہا کر دیا گیا۔

ٹیگس