ایران علاقائی تعاون کے فروغ کا خواہاں
حکومت ایران کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔
حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے ترجمان محمد باقر نوبخت نے العالم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات اور تعاون کی توسیع چاہتے ہیں اور عرب ممالک میں مسلمان برادری کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنے خواہاں ہیں۔ انھوں نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے بھی کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں موجودہ صورت حال، خود مقابل فریق نے پیدا کی ہے اور اس اسٹریٹیجک غلطی میں ایران کا کوئی کردار نہیں ہے۔
محمد باقر نوبخت نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بعد بیرونی دنیا کے ساتھ روابط کے بارے میں کہا کہ ظالمانہ پابندیاں ختم ہونے کے بعد اب صورت حال ایسی پیدا ہوگئی ہے کہ ایران، وسیع سرمایہ کاری کے سلسلے میں اہم اقدامات عمل میں لائے۔ انھوں نے کہا کہ پابندیاں ہٹنے کے بعد ایران، تیل کی اپنی پیداوار بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے اور آئندہ سال تک تیل کی پیداوار، بیس لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ جائے گی۔
حکومت ایران کے ترجمان نے ایران کی میزائل توانائی اور یا انسانی حقوق کے مسئلے کے بہانے امریکہ کی جانب سے ممکنہ طور پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے بارے میں کہا کہ ایٹمی معاہدے کی بنیاد پر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کے بہانے سے پابندیاں عائد نہیں کی جاسکتیں اور اب ایران کے خلاف کسی بھی طرح کی عائد کی جانے والی پابندی، ایٹمی معاہدے کے منافی ہوگی۔