Feb ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سے جرمنی کے وزیر خارجہ کی ملاقات

صدر حسن روحانی نے دہشت گردی کو پوری دنیا کے لیے ہمہ گیر خطرہ قرار دیا ہے

تہران میں جرمنی کے وزیر خارجہ فرینک والٹر اشٹائن مائر سے ملاقات میں صدر حسن روحانی نے کہا کہ پچھلے چند ماہ کے واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ دہشت گردی یورپی یونین سمیت پوری دنیا کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دہشت گردی کے سدباب کے لیے دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی ترسیل کے راستوں کو بند کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی مذاکرات میں جرمنی کے مثبت اور تعمیری کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے پر پورے طور سے عملدر آمد کی کوشش کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

جرمنی کے وزیر خارجہ فرینک والٹر اشٹائن مائرنے اس موقع پر کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے پرعملدرآمد سے ایران اور یورپی یونین خاص طور سے برلن تہران تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی، ایران کے ساتھ سیاسی ، اقتصادی ، ثقافتی اور تعلیمی میدان میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دو تین ماہ کے دوران جرمن وفود کی ایران آمد سے ہمارے اس عزم کا پتہ چلتا ہے۔ جرمن وزیرخارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اس لعنت کی نشو و نما کے ماحول کو ختم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ خطے میں انتہا پسندانہ نظریات کی بیخ کنی بھی کرنا ہوگی۔

ٹیگس