Feb ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  •  قومی سلامتی ، معاشرے کی بنیادی ترین ضرورت : رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے قومی سلامتی کو معاشرے کی بنیادی ترین ضرورت قرار دیا ہے۔

اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری، ان کے معاونین اور سیکورٹی ماہرین کے ساتھ ایک ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امن و سلامتی معاشرے کی بنیادی ترین ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم میں متعدد بار اس کا ذکر کیا گیا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ سلامتی کا معاملہ آج صرف فوجی اور سیکورٹی معاملات تک محدود نہیں ہے بلکہ اقتصادی، معاشی، ثقافتی، سیاسی، سماجی، نفسیاتی اور اخلاقی پہلو اختیار کرگیا ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اعلی قومی سلامتی کونسل کی اہم ترین ذمہ داری ہے کہ وہ سلامتی کے معاملے پر بھرپوراور جامع طریقے سے نگاہ رکھے ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے انقلاب اسلامی کے اصلی اور روشن خطوط کو تبدیل کرنے کی بعض کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ،حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اسلامی انقلاب کے مظہر ہیں لہذا آپ کے بیانات ہی انقلاب کی اساس ہیں جو درجنوں کتابوں کی شکل میں ہمارے پاس موجود ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ پچھلے سینتیس برس سے جدوجہد جاری ہے فرمایا کہ آج دشمن، جدید اور پیچیدہ حربوں سے کام لے رہا ہے، جن میں سائبراسپیس، اس کے ثقافتی، مذہبی، سماجی، اور اینٹی سیکورٹی اثرات شامل ہیں، یہ جدوجہد مزید سخت اور حساس شکل اختیار کر گئی ہے۔

ٹیگس