Feb ۰۴, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • محمد جواد ظریف برطانیہ کے دورے پر
    محمد جواد ظریف برطانیہ کے دورے پر

ایران کے وزیر خارجہ نے شام کے پناہ گزینوں اور اس ملک میں پائے جانے والے سخت حالات پر توجہ دیے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے، جو شامی عوام کی امداد سے متعلق بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کے لئے برطانیہ کے دورے پر ہیں، بدھ کی رات لندن پہنچنے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی عوام کی امداد سے متعلق لندن کانفرنس، بحران شام کے حوالے سے تہران کے مواقف پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔

انھوں نے لندن کانفرنس میں ایران کی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ساتھ لندن اجلاس کے شرکاء سے شام کے مسائل اور اسی طرح مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بارے میں گفتگو کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ شامی عوام کی امداد سے متعلق لندن میں بین الاقوامی اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہان مملکت، متعدد بین الاقوامی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں نیز پرائیویٹ کمپنیوں کے سربراہ و مالکین شرکت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ لندن اجلاس مین شام کے چالیس لاکھ سے زائد پناہ گزینوں کے ساتھ ساتھ اس ملک کے ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد ان شہریوں کے لئے امداد جمع کرنے کے مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا جو شام میں مختلف قسم کے سخت مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں۔

ٹیگس