مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بعد ایرانو فوبیا کا ماحول ختم
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ مہدی دانش یزدی نے کہا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے نتیجے میں خطے اور دنیا میں ایرانوفوبیا کا ماحول ختم ہو چکا ہے۔
مہدی دانش یزدی نے ارنا کے ساتھ گفتگو کے دوران مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع ہونے کے بعد کے زمانے کی سیاسی صورتحال اور ایران کے خارجہ تعلقات میں آنے والی تبدیلیوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے اٹلی اور فرانس کے دوروں سے دوسرے ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات اور باہمی تعاون میں توسیع کی نشاندہی ہوتی ہے۔
مہدی دانش یزدی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دنیا کے تمام ممالک کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے جس سے ثابت ہو جاتا ہے کہ ایران امن و سلامتی کا خواہاں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ مہدی دانش یزدی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایرانو فوبیا کی ترویج کی کوشش کرنے والے ممالک اور صیہونی حکومت کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ وہ بے سود کام انجام دینے میں مصروف ہیں کیونکہ دنیا پر اب واضح ہوچکا ہے کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں پرامن مقاصد کے لئےتھیں اور آئندہ بھی پرامن مقاصد کے لئے ہی ہوں گی۔