Feb ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • بدامنی پھیلا کر اپنی سیکورٹی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا: وزیرخارجہ جواد ظریف

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ بدامنی پھیلا کر اور دوسروں کے مفادات کو نظر انداز کرکے نہ تو اپنی سیکورٹی کویقینی بنایا جا سکتا ہے اور نہ ہی مفادات حاصل کئے جاسکتے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے ایران اور یورپ کے درمیان نئے دور کے آغاز کے زیرعنوان اپنے ایک مقالے میں جو ایک ساتھ اطالوی اخبار لارپوبلیکا اور ہسپانوی اخبار ایل پائیس میں شا‏‏‏ئع ہوا ہے لکھا ہے کہ کوئی بھی ملک ایسی حالت میں دہشت گرد گروہوں القاعدہ اور داعش کے خلاف جنگ کا دعوی نہیں کرسکتا جو یمن اور شام میں ان گروہوں کی مدد کرتا ہو-

انہوں نے اپنے مقالے میں لکھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تشدد اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور مشرق وسطی میں امن بحال کرنے کی کوششوں کے لئے ایران اور یورپ باہمی تعاون کا دائرہ وسیع کریں - وزیرخارجہ نے اپنے مقالے میں لکھا ہے کہ علاقے کے بحرانوں کے سیاسی حل کو قبول کرنے کے تعلق سے خطے کے ملکوں کو راضی کرنے میں یورپی ممالک اپنا مثبت رول ادا کرسکتے ہیں -

انہوں نے مشرق وسطی میں دہشت گردی کا دائرہ پھیلنے کے تعلق سے ایران اور یورپ کی مشترکہ تشویش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام مشرق وسطی اور یورپ کی بنیادی ضرورت ہے -

وزیرخارجہ نے اپنے مقالے میں لکھا ہے کہ غربت اور معاشی عدم مساوات کا مقابلہ ، جمہوریت کی ترویج ، فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے سے اجتناب اور دوسرے ملکوں پر یک طرفہ طور پر حملہ کرنے کے اقدامات کی مخالفت وہ جملہ طریقے ہیں جو مشرق وسطی میں بحالی امن میں مدد دے سکتے ہیں اور یورپی یونین اس سلسلے میں مثبت رول ادا کرسکتی ہے -

وزیرخارجہ جواد ظریف نے اپنا یہ مقالہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے حالیہ دورہ اٹلی اور فرانس کی مناسبت سے لکھا ہے -

ٹیگس