بائیس بہمن کی مناسبت سے ایران کی مسلح افواج کا بیان
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی کمیٹی نے بائیس بہمن کی مناسبت سے ایک بیان جاری کر کے انقلاب کے ترکیبی عناصر اور اس کے تشخص کے معیارات کے تحفظ کو اسلامی انقلاب کی پائیداری کا سبب قرار دیا ہے۔
سپاہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی کمیٹی نے اتوار کے دن، اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سینتیسویں سالگرہ کے موقع پر ایک بیان جاری کیا۔ جس میں آیا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران نے شاہی حکومت کا خاتمہ کر کے اپنی عظمت اور طاقت کی بدولت عالمی طاقت کا نقشہ تبدیل کردیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی انقلاب کے علاقائی اور عالمی سطح پر رونما ہونے والے اثرات امریکہ، تسلط کے نظام اور سامراج کے لئے ایک اسٹریٹیجک دھچکا ثابت ہوئے اور ایران نے گزشتہ سینتیس برس کی دشمن کی تمام تر کوششوں کے باوجود خطے میں امریکی تسلط کا خاتمہ کردیا اور آج ایران خطے کی ایک بڑی اور موثر طاقت میں تبدیل ہوچکا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کی کمیٹی کے بیان میں مزید آیا ہے کہ مختلف میدانوں میں ایرانی قوم کی کامیابی اور ترقی و پیشرفت کا راز استقامت، ثابت قدمی نیز اسلامی نظام اور انقلاب کے اصولوں اور مقاصد پر اس کی پابندی میں مضمر ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی کمیٹی نے مسلح افواج کی دفاعی طاقت اور ایران کی دفاعی صنعت کی ترقی کو انقلاب اور اسلامی نظام کے ثمرات میں سے قرار دیا ہے۔
اس بیان کے مطابق ایرانی قوم بائیس بہمن کو قومی طاقت اور اتحاد کا مظاہرہ نیز اسلامی استقامت کی حمایت کرتے ہوئے تسلط کے نظام اور عالمی صیہونیت پر واضح کر دے گی کہ وہ تمام تر خطرات کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے تسلط قبول نہ کئے جانے اور سامراج کی مخالفت کئے جانے پر مبنی اپنا پیغام پہنچانے کے لئے چھبیس فروری سنہ دو ہزار سولہ کو ہونے والے پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات سمیت ہر موقع سے فائدہ اٹھائے گی۔
ایرانی عوام ماضی کی طرح اسلامی انقلاب کی سینتیسویں سالگرہ کے موقع پر بائیس بہمن کے جلوسوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کر کے ایک بار پھر اسلامی انقلاب اور رہبر انقلاب اسلامی کے مقاصد کے حصول کے لئے تجدید عہد کریں گے۔