گیارہ فروری کے جلوسوں میں ایرانی عوام بھرپور شرکت کریں گے
ایرانی عوام اسلامی انقلاب کی سینتسویں سالگرہ کے پرشکوہ جشن میں شرکت کے لئے خود کو آمادہ کر رہے ہیں۔
سینتس سال قبل یہی ایام تھے کہ جب ایران کے غیور عوام نے استبدادی حکومت کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ کا ایک ایسا عظیم کارنامہ رقم کیا جس نے ایرانی عوام کو دنیا کے سامنے ایک انقلابی قوم کے طور پر متعارف کرایا۔ تاریخ کا ایک ایسا انقلاب جو دنیا بھر میں سامراجی قوتوں کے خلاف جدوجہد کا عملی نمونہ بن گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیارہ فروری کو نکالی جانے والی ریلیوں اور چھبیس فروری کو ہونے والے انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی شام ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے اجلاس کے دوران اسلامی انقلاب کی کامیابی اور اس زمانے کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینی (رح) نے اللہ تعالی پر توکل اور عوام پر گہرا اعتماد کرتے ہوئے انقلاب کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالی۔ آپ ملک اور دنیا کے حالات سے بہت زیادہ آگاہ تھے اور آپ کو سب سے زیادہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کا یقین تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس موقع پر عوام سے گیارہ فروری کے جلوسوں میں وسیع پیمانے پر اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرنے کی اپیل کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایرانی عوام پارلیمانی انتخابات اور اسی طرح مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل کے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے اسلامی جمہوری نظام کے لئے ایک اور قابل فخر باب کا اضافہ کریں گے۔
ایران کے جید علمائے کرام اور مراجعین تقلید نے بھی ایرانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں اور دیگر تقریبات میں بھرپور طریقے سے شرکت کر کے دنیا کے سامنے اپنی ہوشیاری اور بیداری کا ثبوت پیش کریں۔ ایران کی مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے بھی الگ الگ بیانات جاری کرکے ایرانی عوام سے گیارہ فروری کی ریلیوں میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے جاری کردہ بیانات میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت کو ملی یکجہتی، شہیدوں کی قربانیوں کی پاسداری، ملک کی سربلندی اور آزادی و خود مختاری کی علامت قرار دیا ہے۔ ایران کی مجلس خبرگان رہبری، آئین کی نگہبان کونسل اور قم کی دینی درسگاہ کے اساتذہ کی فیڈریشن نے بھی الگ الگ بیانات میں عشرۂ فجر اور اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے پرشکوہ ایام کی آمد پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے گیارہ فروری کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
آج جب برسوں کی پابندیوں کے بعد رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایت و رہنمائی اور موجودہ حکومت کی انتھک محنت کے نتیجے میں عالمی سطح پر رخنہ اندازیوں کے باوجود ایران کو عظیم ایٹمی کامیابی حاصل ہوئی ہے، ایران کے عوام پہلے سے بھی زیادہ مستحکم ارادے کے ساتھ پرجوش طریقے سے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی ریلیوں میں شرکت کریں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے گزشتہ دنوں فضائیہ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ایرانی عوام، اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے جشن اور چھبیس فروری کے پارلیمانی انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے ملک کی عزت و سربلندی کا تحفظ اور غدار و حیلہ باز دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔