Feb ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • عمان کے وزیر خارجہ کی صدر حسن روحانی سے ملاقات

صدر حسن روحانی نے ایران اور عمان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ تہران اور مسقط کے درمیان اقتصادی اورتجارتی تعلقات بھی اتنے ہی مضبوط اور پائیدار ہونے چاہیں جتنے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات ہیں۔

انہوں نے ایران اور عمان کے تعلقات کو دوستانہ اور اسٹریٹیجک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو جامع ایٹمی معاہدے کے بعد کی صورتحال کے مطابق باہمی تجارتی تعلقات کی سطح کو استوار کرنا ہوگا۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور عمان کے تعلقات علاقے کے ملکوں کے لیے مثالی نمونہ ہیں ۔ صدر ایران نے خطے میں امن و استحکام کی تقویت اور ایران کے ایٹمی کیس کے حوالے سے عمان کے کردار کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

صدر حسن روحانی نے توانائی کے شعبے کو ایران اور عمان کے درمیان تعاون کا ایک اہم شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران مسقط تعلقات کے فروغ سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عمان ، جہازرانی، ایئر ٹرانسپورٹ، ریلوے اور بینکاری کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرسکتے ہیں۔

عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے اس موقع پر کہاکہ ان کا ملک ایرانی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے اور ایرانی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمان، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

ٹیگس